کابینہ کے عہدہ کے لئے نتیش کمار اور امیت شاہ کی میٹنگ

نئی دہلی۔ 29مئی (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی کابینہ میں جنتا دل (یو) کی شراکت کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمارکی آج یہاں میٹنگ ہوئی۔ امیت شاہ کی رہائش گاہ پر کابینہ میں جنتا دل (یو) کی حصہ داری کے سلسلے میں دونوں رہنماوں نے بات چیت کی۔ بہار سے جنتا دل یو کے سولہ ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ نتیش کمار پٹنہ سے یہاں پہنچنے کے بعد فوراً امیت شاہ سے ملاقات کے لئے گئے ۔ و ہ کل مودی حکومت کی حلف برداری تقریب میں حصہ لیں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نتیش کمار اپنی پارٹی سے کم سے کم دو کابینی وزیر اور بڑی وزارت چاہتے ہیں۔ جنتا دل یو کے راجیہ سبھا رکن آر سی پی سنگھ کابینہ عہدہ کے اہم دعویدار ہیں۔ و ہ انڈین ایڈمنسٹرٹیو سروس کے افسر رہے ہیں اور نتیش کمار کے بھروسے مند مانے جاتے ہیں۔ پارٹی کے مونگیر سے لوک سبھا رکن للن سنگھ کو بھی وزیر بنایا جاسکتا ہے ۔ وہ نتیش کمار حکومت میں بھی وزیر رہے ہیں اور نتیش کمار کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ جنتا دل یو بہار یونٹ کے سربراہ اور راجیہ سبھا رکن وششٹ نارائن سنگھ کافی سینئر لیڈر ہیں لیکن ان کے علیل ہونے کی وجہ سے ان کے وزیر بننے کا امکان کم ہے ۔ سابقہ مودی حکومت میں لوک جن شکتی پارٹی کے چھ ممبر پارلیمنٹ تھے اور اس پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان کو سو ل سپلائی اور صارفین امور کا وزیر بنایا گیاتھا۔ ایل جے پی پارلیمانی بورڈ نے رام ولاس کو دوبارہ وزیر بنانے کی تجویز منظور کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جنتا دل یو کابینہ کے ساتھ ہی وزیر مملکت بنانے کے سلسلے میں بھی کوشش کررہی ہے تاکہ بہار کے سماجی صف بندی میں توازن قائم کیا جاسکے ۔ پارتی بہار کے باہر بھی تنظیم کی توسیع کرنا چاہتی ہے جو وزیر کا عہدہ ملنے سے آسان ہوسکتا ہے ۔ امیت شاہ نے کل نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں نے کابینہ کے ڈھانچہ کے سلسلے میں بات چیت کی۔ سابقہ مودی حکومت میں بہار سے ایک وقت نو وزیر تھے جن میں تین کابینی وزیر تھ۔ اس وقت جنتا دل یو این ڈی اے کا حصہ نہیں تھا اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے سربراہ اپیندر کشواہا کو وزیر مملکت بنایا گیا تھا لیکن اب وہ اتحاد سے باہر ہیں۔