کابینہ میں خاتون وزیر کی عدم شمولیت پر مہیلا کانگریس کی تنقید

لوک سبھا چنائو میں خواتین سبق سکھائیں گے، این شاردھا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 20 فروری (سیاست نیوز) مہیلا کانگریس نے ریاستی کابینہ میں خاتون وزیرکو شامل نہ کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں خواتین ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر این شاردھا نے کہا کہ پہلی میعاد میں کے سی آر نے خواتین کو کابینہ میں جگہ نہیں دی۔ امید کی جارہی تھی کہ دوسری میعاد میں کم از کم ایک خاتون کو شامل کرتے ہوئے انصاف کیا جائے گا۔ لیکن کے سی آر نے تلنگانہ کی تمام خواتین کو مایوس کردیا ہے۔ انہوں نے خاتون کی عدم شمولیت کے مسئلہ پر ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کے ریمارکس کو افسوسناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ جگدیش ریڈی فوری اپنے ریمارکس کو واپس لے لیں۔ انہوں نے جگدیش ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین سے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایک ذمہ دار عہدے پر فائز شخص نے کس طرح خواتین کی توہین کی ہے۔ شاردھا نے کہا کہ چیف منسٹر کی دختر کویتا کو بیسٹ پارلیمنٹیرین کا ایوارڈ حاصل ہوا اور وہ خواتین کے مسائل پر جدوجہد کے لیے دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود کے سی آر صرف اپنے خاندان کے خواتین کو سیاسی طور پر باشعور سمجھتے ہیں۔ کیا دیگر خواتین سیاست میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس وزیر کو ساڑی پہناکر خاتون وزیر کے طور پر عوام کے درمیان پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے پاس خواتین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ کیا خاتون وزراء حکومت کے لیے کارآمد نہیں ہیں؟ کے سی آر کے فیصلے کو خواتین کی توہین قرار دیتے ہوئے این شاردھا نے ٹی آر ایس کی چار خاتون ارکان اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ پارٹی سے مستعفی ہوکر ناانصافی کے خلاف جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں کے موقع پر خواتین میں غیر معیاری ساڑیاں تقسیم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں خواتین کے بغیر کابینہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بہبودیٔ اطفال کا قلمدان خاتون کو دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خواتین کے مسائل کے سلسلہ میں اب عوام کس سے رجوع ہوں گے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ناانصافی کے خلاف ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔