کابینہ میں بی سی کمیشن کی تشکیل اور اقلیتی اقامتی اسکولس کے قیام کے فیصلوں کا خیر مقدم

چیف منسٹر کے سی آر کے وعدہ کی تکمیل ، نو منتخب ٹی آر ایس ایم ایل سی محمد فرید الدین کا بیان
حیدرآباد۔/7اکٹوبر، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے نومنتخب رکن محمد فرید الدین نے تلنگانہ کابینہ میں بی سی کمیشن کی تشکیل اور اقلیتوں کیلئے مزید 90 اقامتی اسکولس کے قیام سے متعلق فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے بی سی کمیشن کے قیام کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے انہوں نے پہلے مرحلہ میں 71 اسکولوں کا آغاز کیا تھا اور آئندہ تعلیمی سال سے مزید 90اسکولوں کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو اقلیت دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم تحفظات کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے جو وعدہ کیا تھا اس سلسلہ میں پیشرفت جاری ہے۔ سدھیر کمیشن آف انکوائری سے رپورٹ حاصل کرنے کے بعد بی سی کمیشن کا قیام یقینا تحفظات کی فراہمی میں حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ قانون کے مطابق تحفظات کی فراہمی بی سی کمیشن کے ذریعہ ممکن ہے لہذا چیف منسٹر نے فوری طور پر کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا اور کابینہ کی منظوری حاصل کی گئی۔ فرید الدین نے کہا کہ سدھیر کمیشن آف انکوائری نے ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں کی سماجی، تعلیمی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ سرکاری محکمہ جات سے مسلمانوں کے بارے میں اعداد و شمار حاصل کرتے ہوئے حکومت کو جامع رپورٹ حوالے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو میں 50 فیصد سے زائد طریقہ کار کا جائزہ لینے کیلئے سدھیر کمیشن سے ٹاملناڈو کا دورہ کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں مسلمانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کے علاوہ بھی کئی نئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کا بجٹ ملک کی دیگر ریاستوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ شادی مبارک، فیس بازادائیگی اور بیرون ملک تعلیم کے حصول کیلئے 20 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ اقلیتی بہبود میں کے سی آر کی خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے۔اسی دوران قانون ساز کونسل کیلئے متفقہ طور پر انتخاب پر فرید الدین کو شہر اور اضلاع سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی وزراء اور عوامی نمائندوں نے فون پر انہیں مبارکباد پیش کی جبکہ میدک ضلع سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین بڑی تعداد میں ان کی قیامگاہ پہنچے اور مبارکباد دی۔