اسلام آباد۔25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کابل میں امریکن یونیورسٹی آف افغانستان پر پیش آئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ اس حملے میں کم از کم 12افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ دفتر خارجہ نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کابل کی یونیورسٹی میں آج کے حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، جس میں کئی قیمتی جانیں تلف ہوگئیں اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہم افغانستان کی حکومت اور افغان عوام کے دکھ میں شریک ہیں اور متاثرین کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ ہم زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے دعا گو بھی ہیں۔ مہلوکین میں 7 طلبہ ، 3 پولیس عہدیدار اور 2 سکیوریٹی گارڈس شامل ہیں۔