کابل کے فرانسیسی مرکز پر حملے میں زخمی افغانی صحافی فوت

کابل۔21ڈسمبر ( اے ایف پی ) افغانستان میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ کابل میں واقع فرانسیسی مرکز پر ہوئے خودکش حملے میں زخمی ایک افغان صحافی دواخانہ میں علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ فرانسیسی ادارہ برائے افغانستان کے پُرہجوم آڈیٹوریم پر 11ڈسمبر کو ہوئے خودکش حملے میں ایک جرمن شہری ہلاک اور دیگر 20 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ دھماکہ کے وقت آڈیٹوریم میں ’’ دل کی دھڑکن ‘دھماکہ کے بعد کی خاموشی‘‘ کے زیرعنوان رقص و موسیقی کا پروگرام جاری تھا ۔ اس پروگرام کا مقصد کابل اور ماباقی افغانستان میں باقاعدہ طور پر وقفہ وقفہ سے ہونے والے خودکشی حملوں کی مذمت کرنا تھا ۔ اس دھماکہ میں زخمی مقامی ’’مترا‘‘ ٹیلی ویژن چینل کے ایک صحیفہ نگار و کیمرہ مین زبیر حنامی زخمی ہوگئے تھے اور 10دن بعد فوت ہوگئے ۔