کابل۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام)خودکش بم برداروں اور بندوق برداروں نے مبینہ طور پر ہم آہنگ حملوں کے ذریعہ کابل کے دو پولیس اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 5 ملازمین پولیس قتل کردیئے گئے۔ فوج، حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔ شہر پر حملہ کرنے والے زیادہ تر افراد نے تشدد کو اختیار کرلیا ہے۔ زوردار دھماکوں سے کابل صبح دیر گئے دہل کر رہ گیا۔ بعدازاں بندوق برداروں نے پولیس اسٹیشنوں پر اندھادھند فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ طالبان اور دولت اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، لیکن افغانستان کے محکمہ سراغ رسانی نے طالبان کے حقانی نیٹ ورک اور پاکستانی عسکریت پسند گروپ لشکر طیبہ کے حملہ آوروں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان وحید مجیدی کے بموجب 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔ مہلوکین میں پولیس کے 2 عہدیدار بھی شامل ہیں۔