کابل میں کار بم دھماکہ، آٹھ افراد ہلاک، 400 زخمی

نئی دہلی ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک زور دار کار بم دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور چار سو سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک امدادی کارکن کے حوالے سے بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد میں بچے بھی شامل ہیں جنھیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ بیشتر زخمی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔سکیورٹی معاملات سے منسلک ایک اور شخص نے بتایا کہ حملے کا نشانہ ممکنہ طور پر ایک قریبی فوجی احاطہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔اس خدشے کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ بہت سی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔تاحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔