کابل۔25جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان نے ایک لاری بم سے کابل می ںدھماکہ کردیا ۔ پہلے حملے میں جو گذشتہ تین ہفتوں میں کابل کو نشانہ بناکر کیا گیا تھا ‘ دو افراد زخمی ہوگئے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا کہ لاری بم دھماکہ 6بجے صبح ایک پٹرول پمپ پر ہوا جو کابل کے فوجی فضائی اڈے کے قریب واقع ہے ۔ ممکن ہے کہ یہ خودکش بم دھماکہ ہو جو وقت سے پہلے کردیا گیا ۔ بم حملے سے دو شہری زخمی ہوگئے ۔ کابل پولیس کے شعبہ سی آئی ڈی کے صدر فرید افضلی نے کہا کہ لاری کابل کے مضافات میں داخل ہورہی تھی جب کہ دھماکہ سے اڑگئی ۔ صدر اشرف بنی دھماکے کے ڈھائی گھنٹے بعد سعودی عرب سے متصلہ ایئرپورٹ پر اترے ‘ وہ ملک عبداللہ کے انتقال پر اظہارتعزیت کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے تھے ۔ ٹوئیٹر پر ایک پیغام شائع کرتے ہوئے طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔ جنوری کے اوائل سے کابل پُرسکون تھا ۔ جنوری میں یوروپی پولیس تربیتی مشن کے ہیڈ کوارٹرس پر خودکش کار بم دھماکہ سے ایک افغان شہری ہلاک اور دیگر پانچ زخمی ہوئے تھے ۔ طالبان زیر قیادت شورش پسندوں نے گذشتہ سال بین الاقوامی لڑاکا فوج کے تخلیہ کے بعد اپنی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ وہ افغان فوج کی طاقت کا اندازہ لگانا چاہتے ہیں ۔