کابل ۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک وسیع خودکش کار بم دھماکہ سے کابل کے مضافات میں آج کم از کم 4 سرکاری ملازمین ہلاک ہوگئے۔ یہ حملہ وزارت انصاف کے ملازمین کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا۔ دھماکہ کے کچھ ہی دیر بعد طالبان نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ بم دھماکہ وزارت انصاف کے کاریں کھڑی کرنے کے مقام پر ہوا تھا۔ دھماکو مادوں سے بھری ہوئی ایک کار جو یہاں پر کھڑی کی گئی تھی، دھماکہ سے اڑا دی گئی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا کہ کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ تاہم بعدازاں ہلاکتوں کی تعداد تبدیل کرتے ہوئے 4 ہلاکتوں کی توثیق کی گئی۔ موقع واردات پر تحقیقات جاری ہیں۔ وزارت صحت عامہ کے ترجمان اسمعیل خوسی نے کہا کہ 42 افراد دواخانہ منتقل کئے گئے۔ ان میں سے بعض معمولی زخمی ہیں۔ جو ٹوٹے ہوئے شیشوں سے زخمی ہوئے تھے۔