کابل میں طالبان کا خودکش حملہ ‘ 21 ہلاک

مہلوکین میں ہند نژاد برطانوی قائد ‘ امریکی و لبنانی افراد بھی شامل
اسلام آباد ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے ایک ہندوستانی نژاد سیاستداں اور دیگر 11 افراد آج کابل کی ایک مشہور ہوٹل میں طالبان کے خودکش حملہ میں ہلاک ہوگئے ۔ برطانوی دفتر خارجہ نے دھرمیندر سنگھ پنگھورہا کی موت کی توثیق کی ۔ پنگھورہا ڈیل سنگھ کے نام سے بھی معروف ہے ۔ وہ یوروپی پارلیمنٹ کیلئے جنوب مشرقی حلقہ سے لیبر پارٹی کے امیدوار بھی تھے ۔ قبل ازیں وہ کسوؤ میں یوروپی مشن کے مشیر خاص رہ چکے ہیں ۔ بعد ازاں افغانستان ‘ سرالیون ‘ لیبیا ‘ نیپال اور فلسطین میں بھی اقوام متحدہ کے مختلف پراجکٹوں سے وابستہ رہے ہیں ۔

افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد ایوب سلانگی نے کہا کہ دو بندوق بردار اس رسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بناتے ہوئے ہلاک کرنا شروع کردیا تھا لیکن سکیورٹی فورسیس نے ان دونوں کو بھی گولی ماردی ۔ مہلوکین میں دھرمیندر سنگھ کے علاوہ دو امریکی ‘ دو برطانوی ‘ دو کینیڈیائی شہریوں کے علاوہ 5 مقامی خواتین بھی شامل ہیں ۔ اس ہوٹل کے لبنانی مالک اور لبنان سے تعلق رکھنے والے آئی ایم ایف کے ایک سینئر نمائندہ بھی اس حملہ میں ہلاک ہوئے ہیں ۔ طالبان نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیرونی عہدیداروں کو نشانہ بنایا ہے ۔