کابل میں سیکوریٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں میں گھمسان کی لڑائی

کابل ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سفارتی زون میں ہوئے متعدد راکٹ حملوںنے عیدالاضحی کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا جبکہ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ قدیم شہر کے علاقہ میں سیکوریٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہورہی ہے۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہیکہ راکٹ حملوں کے پس پشت کون ہے حالانکہ کچھ روز قبل ہی صدر افغانستان اشرف غنی نے طالبان کو تین ماہ کی جنگ بندی کی پیشکش کی تھی۔ فوجی ہیلی کاپٹرس کو ریکاخانہ کی عیدگاہ مسجد کے قریب آسمانوں میں فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس سے دھویں کا کثیف بادل اٹھتا ہوا دیکھا گیا جس کے بارے میں وزارت داخلہ کا کہنا ہیکہ عسکریت پسندوں اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان گھمسان کی لڑائی چھڑی ہوئی ہے۔ دریں اثناء کابل پولیس کے ترجمان حشمت استانکزئی نے اس بات کی توثیق کی کہ عیدگاہ مسجد کے قریب گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔