3 خودکش بمبار ہلاک، ایک کی سخت مزاحمت
کابل ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان عہدیدار نے آج کہا کہ قومی دارالحکومت کابل کے جنوب مغربی علاقہ میں 4 خودکش بمبار جو بندوقوں اور دستی بموں سے مسلح تھے، بیرونی افراد کے دفتر پر حملہ کیا۔ نائب وزیرداخلہ محمد ایوب سلانگی نہیں کہہ سکے کہ آیا ان حملوں میں کوئی ہلاک یا زخمی بھی ہوا ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق کئی گھنٹوں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا اور اطراف کے علاقوں میں گھن گرج سنائی دی گئی۔ سلانگی نے کہا کہ اس شوٹنگ کے مقام سے بیرونی شہری محفوظ مقامات کو فرار ہوگئے لیکن انہیں بتایا گیا ہیکہ 6 بیرونی افراد ہنوز دفتر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ باور کیا جاتا ہیکہ 3 خودکش بمبار مارے جاچکے ہیں لیکن چوتھا ہنوز مزاحمت میں مصروف ہے۔ افغان طالبان کے ایک گروپ نے دارالحکومت کابل میں غیر ملکیوں کے زیر استعمال ایک گیسٹ ہاؤس پر حملہ کیا ہے جس کے بعد ان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ خونریز جھڑپ ہوئی ہے۔کابل پولیس کے سربراہ محمد ظاہر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ”گیسٹ ہاؤس میں تین امریکی شہری ،پیرو کا ایک شہری اور ایک ملائشین موجود ہے”۔برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے عمارت کے اندر سے دس غیر ملکیوں کو نکالتے ہوئے دیکھا ہے۔