کابل میں بم دھماکے، دو فوجی ہلاک

کابل۔7اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) افغان حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کابل میں دو بم حملوں کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ پینٹاگون نے افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کر دی ہے ، ہلاک ہونے والا 23 سالہ جیمز اے سلیپ تھا۔ تفصیلات کے مطابق کابل میں بم دھماکوں کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ پولیس سربراہ کے ترجمان کے مطابق ان دھماکوں میں دیگر 6 پولیس اہلکاروں کے علاوہ 3 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پہلا بم سڑک کنارے نصب تھا اور اْس وقت پھٹا جب وہاں سے ایک فوجی گاڑی گزری اور دوسرا بم اْس وقت پھٹا جب چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں میں کابل پولیس کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کی جانب سے افغانستان میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والا 23 برس کا جیمز اے سلیپ تھا۔ اس کا تعلق شمالی کیرولینا کے شہر مورہیڈ سے تھا۔ یہ فوجی جمعرات 4 اکتوبر کو شورش زدہ افغان صوبے ہلمند میں ایک بارودی ڈیوائس کے پھٹنے سے ہلاک ہوا۔ جیمز اے سلیپ کا تعلق آرمی نیشنل گارڈ کے ساٹھویں ٹروپ سے تھا۔