کابل میں اضطراب ، ملٹری کمپاؤنڈ پر حملے میں 11 فوجی ہلاک

کابل 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بندوق برداروں اور خودکش بمباروں نے طلوع آفتاب سے قبل کئے گئے حملے میں جس کی ذمہ داری آئی ایس نے قبول کرلی ہے ، آج کابل میں واقع ملٹری کمپاؤنڈ کے پاس 11 سپاہیوں کو ہلاک کردیا جو حالیہ دنوں میں افغان دارالحکومت میں تیسرا بڑا حملہ ہے۔ حالیہ برسوں میں سلسلہ وار حملوں جن میں کابل میں پیش آئے مہلک بم دھماکے شامل ہیں ، ان کے نتیجے میں پہلے سے جنگ کی وجہ سے تباہ حال ملک میں بدحال شہریوں کو مصیبت کا سامنا ہورہا ہے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ افغان آرمی بٹالین پر آج کے حملے میں کم از کم 11 فوجی ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوئے ۔ ترجمان دولت وزیری نے نیوزی ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دو بمباروں نے دھماکہ کیا اور دونوں کو ہماری فورسیس نے ہلاک کردیا ۔ اور ایک دیگر کو زندہ پکڑ لیاگیا ۔ انھوں نے بتایا کہ یہ حملہ اب ختم ہوچکا ہے ۔ دیگر عہدیداروں نے کہاکہ راکٹ اور دو کلاشنکوف ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں نے یہ کارروائی کی ان میں سے کم از کم ایک نے خودکش بیلٹ لگا رکھا تھا ۔ اُس نے مارشل فہیم ملٹری اکیڈیمی کے قریب آرمی بٹالین کا حصار توڑنے کی کوشش کی ۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں اعلیٰ رتبہ کے افسروں کو تربیت دی جاتی ہے ۔ اکیڈیمی کے ایک افیسر نے بتایا کہ اُنھیں بندوقوں کی فائرنگ اور دھماکے کی آواز سنائی دی جبکہ دیگر عین شاہدین نے کہا کہ پہلے دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں صبح 5 بجے سنائی دیں۔ سکیورٹی فورسیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کردی ہے ۔