کابل دھماکوں کی مذمت

نئی دہلی ۔ 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کابل دہشت گرد حملہ کی مذمت کی جس میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہندوستان نے کہا کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو قرارواقعی سزاء کے معاملہ میں افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عہد کا پابند ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے حکومت افغانستان اور یہاں کی عوام سے کل ہوئے دو بم دھماکوں میں جانی و مالی نقصانات پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا ۔ واضح رہے کہ کل کابل میں دو خودکش حملے ہوئے جہاں پولیس اسٹیشن اور اٹلیجنس سرویس کے دفاتر کو نشانہ بنایا گیا تھا  ۔