کابل ایرپورٹ پر خود کش دھماکہ ،4غیرملکی ہلاک

کابل۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل کا بین الاقوامی ائیر پورٹ پانچویں دن ایک مرتبہ پھر طالبان کے حملے کی زد میں آیا ہے۔ منگل کے روز طالبان نے ایک خود کش حملے کے دوران کم از کم 4غیرملکی حکومتی مشیروں کو ہلاک کر دیا ہے۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران 15 افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ طالبان ترجمان کے اس دعوے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ واضح رہے افغان حکومت کے غیر ملکی مشیروں کے ساتھ ان کا مقامی مترجم بھی مارا گیا ہے

۔کابل ائیر پورٹ کے باہر ہونے والے اس خود کش حملے میں مارے گئے تین غیر ملکی مشیران کے حوالے سے فوری طور پر یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ان کا کس ملک سے تعلق ہے اور یہ کس قسم کی مشاورت دینے افغانستان آئے تھے۔اس سے پہلے 17 جولائی کو ایک حملے کا نشانہ بھی کابل کا یہی ایرپورٹ بنا تھا۔ طالبان نے ایرپورٹ کے نزدیک ایک مکان سے ایرپورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم اس کارروائی میں ملوث تمام پانچ حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔ کاابل ایرپورٹ نیٹو فورسز کے فوجی استعمال میں بھی ہے۔ واضح رہے رواں سال کے اواخر تک امریکی افواج افغانستان سے واپس جا رہی ہیں۔ جس کے بعد طالبان اور افغان فورسز ایک دوسرے کے براہ راست مقابل ہوں گے۔