کابل ایئرپورٹ کے قریب خودکش دھماکہ ‘ 3 ہلاک

کابل۔17مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان کے ایک خودکش بم بردار نے دھماکو مادوں سے بھری ہوئی ایک کار سے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل کے قریب دھماکہ کردیا ۔ جس سے کم از کم 3افراد ہلاک اور دیگر 18 زخمی ہوگئے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس دھماکہ کا نشانہ یوروپی یونین پولیس تربیتی مہم کی گاڑیاں تھیں ۔ یوپول کے ترجمان ساری ہاؤکاکونو نے کہا کہ ایک ایسا رکن جس کا مشن سے کوئی تعلق نہیں ہے یوپول کی گاڑی میں سفر کررہا تھا وہ بھی ہلاک ہوگیا ۔ تاہم ترجمان نے تفصیلات اور مہلوک کی قومیت اور شناخت کا انکشاف نہیں کیا ۔ مشن کے تمام ارکان جو گاڑی میں سوار تھے محفوظ مقام پر منتقل کردیئے گئے ہیں ۔ مبینہ طور پر ان کے زخم مہلک نہیں ہے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا کہ دو افغان خواتین بھی اس دھماکہ سے ہلاک ہوگئیں ‘ اُس نے ان خواتین کو راہگیر قرار دیا ۔ زخمی ہونے والے 18افراد میں سے 8خواتین اور 3بچے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ زخمیوں میں تین غیر ملکی بھی شامل ہیں ۔ یوپول کی ویب سائیٹ پر کہا گیا ہے کہ اس کے تین ارکان عملہ غیر مہلک زخموں کا شکار ہیں ۔ کاربم دھماکہ افغان شہری ہوا بازی اتھاریٹی کے دفتر کے قریب ہوا جو ایئرپورٹ سے چند سو میٹر کے فاصلہ پر ہے ۔ علی الصبح حملہ کا واقعہ پیش آیا ۔ وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے کہا کہ قریبی مکانوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ۔
یہ سڑک آج دن بھر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کردی گئی ہے ۔ گاڑیاں سست رفتار سے فوجی چوکی کے راستے سے ایئرپورٹ جارہی ہیں ۔ راستہ میں انہیں کئی خاکستر ہوجانے والی گاڑیوں کے ڈھانچے نظر آرہے ہیں ۔ دانش کے بموجب دھماکہ سے غیر ملکی اور خانگی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دو گاڑیاں ایک قافلہ میں شامل تھیں لیکن صرف ایک گاڑی کو دھماکہ سے نقصان ہوا ۔ طالبان کے ترجمان کے بموجب یہ دھماکہ طالبان نے کیا ہے ‘ اس کی اطلاع ای میل کے ذریعہ اخبارات کو دے دی گئی ہے ۔