چینائی ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کئی چیف منسٹروں اور سیاسی قائدین نے بلالحاظ سیاسی وابستگی آج آنجہانی صدر ڈی ایم کے ایم کروناندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی، کیرالا کے پینائی رائی وجین، دہلی کے اروند کجریوال، تلنگانہ کے کے چندرشیکھر راؤ نے پھول مالا چڑھاکر آنجہانی قائد کو راجہ جی ہال میں خراج عقیدت پیش کیا۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری ان کی پارٹی کے سینئر ساتھی پرکاش کرت، سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈی راجہ، کیرالا کے سابق چیف منسٹرس اور یو پی کے اومن چنڈی اور اکھیلیش یادو نے علی الترتیب خراج عقیدت پیش کیا۔ این سی پی قائد شردپوار، سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل، سابق چیف منسٹر جموں فاروق عبداللہ بھی خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ کیرالا کے گورنر پی ستاسیوم اور قائد اپوزیشن ریاستی اسمبلی رمیش چنی تھالا نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹامل فلمی برادری کی قیادت صدر فلم پروڈیوسر کونسل اداکار وشال کرشنا، جنوبی ہند کے فنکاروں کی اسوسی ایشن کے صدر ناصر نے بھی ڈی ایم کے کے سرپرست کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مصنف اور گیت کار ویرامتو نے پیریار ای وی راما سوامی کے انتقال کے بعد کروناندھی کی تحریر کردہ ایک نظم کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم تاج محل کی تباہی برداشت کرسکتے ہیں صرف اس لئے کیونکہ یہ ایک آثارقدیمہ کی عمارت ہے۔