کئی بیماریوں میں فائدہ بخش گیہوں کی گھاس آپ گھر میں اُگاسکتے ہیں

گیہوں کی گھاس جوڑوں کے درد اور بی پی کی دشمن ، ہفتہ کو محبوب حسین جگر ہال میں سریال ریڈی کا لکچر
محمد ریاض احمد
حیدرآباد ۔ 11 ۔ نومبر : طب نبوی ؐ میں ہر بیماری کا علاج ہر مسئلہ کا حل ہر درد کی دوا موجود ہے ۔ طب نبوی میں نہ صرف باطن بلکہ ظاہر کو بھی پاک و صاف رکھنے کے طریقہ و انداز بتائے گئے ہیں اور صحت و تندرستی کو یقینی بنانے کے لیے ریشہ دار غذاؤں کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جہاں تک ریشہ دار غذاؤں کا سوال ہے کھجور اور گیہوں بہت اہمیت رکھتے ہیں جو جسم سے فاسد مادوں کو خارج کرتے ہوئے پیٹ کو صاف رکھتے ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں انسان کے جسم میں دوڑنے والا خون بھی زہریلے مادوں سے پاک ہوجاتا ہے ۔ اللہ تعالی نے ہر چیز میں خاصیتیں رکھی ہیں ۔ ایسی ہی چیزوں میں گیہوں کی گھاس بھی ہے جس کا شربت آج کئی بیماریوں کے علاج میں مفید ثابت ہورہا ہے ۔ اسی وجہ سے گیہوں کی گھاس کے جوس کو ڈاکٹروں کا ڈاکٹر کہا گیا ہے ۔ گیہوں کے گھاس کا جوس استعمال کرنے سے جہاں انسان کے جسم کا مدافعتی نظام بڑھ جاتا ہے وہیں خون اور خلیوں کی کمی کے شکار مرد و خواتین کے ہیمو گلوبن ، ڈبلیو بی سی ، آر بی سی اور پلیٹ لپٹس میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ شربت فشار خون ( بلڈپریشر ) کو قابو میں رکھتا ہے ۔ موٹاپے کو دور کرتا ہے ۔ جسم کے مختلف اعضاء خاص طور پر جگر سے زہریلے مادوں کے اخراج کو یقینی بناتا ہے ۔ 71 سالہ سرپال ریڈی شہر کے مصروف ترین علاقہ باغ لنگم پلی کے سندریہ باغ کے بالکل سامنے گیہوں کی گھاس کا جوس اور گیہوں کی گھاس فروخت کرتے ہیں ۔ 1966 میں شہر کے تاریخی نظام کالج سے بی اے کرنے والے مسٹر سریال ریڈی کی صحت ان کی چستی پھرتی اور توانائی سے بھر پور شخصیت کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ آپ کسی 71 سالہ ضعیف شخص سے نہیں بلکہ 17 سالہ نوجوان لڑکے سے بات کررہے ہوں ۔ مسٹر سریال ریڈی کے مطابق گیہوں کی گھاس کے جوس پینے کے کئی فوائد ہیں یہ انسانی جسم کے خلیوں تک آکسیجن منتقل کرنے کا کام بھی کرتا ہے ۔ اس کے استعمال کرنے والے مرد و خواتین کی شوگر بھی کنٹرول میں رہتی ہے ۔ قارئین 30 نومبر کی اشاعت میں ہم نے مسٹر سریال ریڈی کا انٹرویو شائع کیا تھا جس کے بعد دفتر سیاست پر بے شمار مرد و خواتین نے ربط پیدا کرتے ہوئے گیہوں کی گھاس کے جوس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ اور دریافت کیا کہ آیا ہم یہ گھاس اپنے گھروں میں اگا سکتے ہیں ۔ اس سوال کے جواب میں مسٹر سریال ریڈی نے بتایا کہ یہ جوس امراض قلب ، جوڑوں کے درد ، رگوں ، پٹھوں ، نسوں میں تکلیف قبض ، امراض جگر ، ہاتھ پاؤں کے پرانے زخموں کو مندمل کرنے یہاں تک کہ کینسر کے انسداد میں بہت مفید ہے ۔ سریال ریڈی کے مطابق روزنامہ سیاست میں رپورٹ کے بعد انہیں بے شمار فون کالس آئے ہیں ۔ ان کے پاس کئی ایسے افراد موجود ہیں جنہیں گیہوں کی گھاس کا جوس پینے سے کافی فائدہ ہوا ہے جو افراد بی پی کا شکار تھے اب ان لوگوں نے بلڈ پریشر کی گولیاں استعمال کرنی چھوڑ دی ہے ۔ گنگرپن میں بھی یہ مفید ہے ۔ لوگ خود اپنے گھر میں یہ گھاس اگا سکتے ہیں ۔ اس کے لیے سب سے پہلے انہیں 10×14 انچ سائز کی پلاسٹک کی کشتیاں لینی ہوگی جو بیگم بازار میں دستیاب ہیں ۔ ان کشتیوں کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد اس میں کیچوؤں کی کھاد کا چھڑکاؤ کیا جانا چاہئے ۔ پھر اس میں ایک انچ تک لال مٹی ڈال دینی چاہئے ۔ لال مٹی کی اس پرت پر 12 گھنٹوں تک بھگوا کر رکھا گیا 100 گرام گیہوں کا چھڑکاؤ کیا جائے ۔ اور اس وقت تک چھڑکاؤ جاری رہے جب تک گیہوں کے دانے اچھی طرح چھپ جائیں بعد میں اس پر تھوڑا سا پانی چھڑکیں اس طرح ایک کے بعد دیگر کشتیوں کو ہر روز اسی طرح تیار کریں ۔ چوتھے دن گیہوں کے مولکے نظر آئیں گے اور 7 ویں دن آپ پہلی کشتی سے گھاس کاٹ سکیں گے ۔ دوسری کشتی سے آٹھویں دن تیسری کشتی سے دسویں دن چوتھی کشتی سے گیارہویں دن پانچویں کشتی سے بارہویں دن چھٹویں کشتی سے تیرھویں دن اور ساتویں کشتی سے چودھویں دن گھاس کاٹ سکیں گے ۔ گھاس کو کاٹ کر مکسر میں ڈالیں اور شربت کو ایک کپڑے میں لے کر گلاس میں نچوڑ لیں پھر نہار پیٹ پی لیں ۔ بہر حال مختلف بیماریوں کے لیے مفید اس علاج سے عوام کو واقف کرانے کے لیے روزنامہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں بروز ہفتہ 15 نومبر کو صبح دس بجے دن سریال ریڈی کے لکچر کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس میں داخلہ مفت اور فری رجسٹریشن رکھا گیا ہے ۔ فون نمبر 9392497481 پر ڈی سریال ریڈی سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔۔