ڈ30 ڈسمبر کے بعد غریبوں کیلئے راحت

کالا دھن ہاوزنگ کیلئے استعمال ہوگا ۔ بی جے پی جنرل سکریٹری
حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) این ڈی اے حکومت کی جانب سے 30 ڈسمبر کے بعد عام آدمی اور غریب عوام کیلئے سہولت بخش اقدامات کا اعلان کیا جائیگا جب بڑے کرنسی نوٹوں کا چلن بند کرنے کی مہم ایک فیصلہ کن مرحلہ پر پہونچ جائیگی ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم 30 ڈسمبر کے بعد عوام کے سامنے واضح پالیسیاں پیش کرینگے ۔ وزیر اعظم نے یہ اشارہ دیدیا ہے کہ یہ پالیسیاں کس طرح کی ہوسکتی ہیں۔ نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی بھی بے گھر نہیں رہیگا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہاوزنگ پر ایک مقررہ سمت مییں بڑھ رہے ہیں۔ جو کالا دھن اب تک موصول ہوا ہے اسے پہلے ہر خاندان کیلئے گھر کی تعمیر پر خرچ کیا جائیگا ۔ جو سبسڈیز اور گرانٹس دی جاتی ہیں انہیں بڑھا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولس ‘ نگہداشت صحت کے مراکز ‘ زیر التوا آبپاشی پراجیکٹس اور چیک ڈیمس کیلئے زیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں اور ہاکرس وغیرہ کیلئے قرضہ جات میں اضافہ کردیا جائیگا ۔ حکومت نے شہریوں کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنے پرانے کرنسی نوٹ 30 ڈسمبر تک بینکوں میں جمع کروادیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ کرنسی بندی کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آ رہی ہیں لیکن اس کے نتائج غریبوں کیلئے ثمر آور ہونگے ۔