ہندوستانی شہریت کامسئلہ رکاوٹ، امریکی شہریت ختم کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) سینئر سیاستداں و ہم زلف مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد مسٹر ڈی وینکٹیشورراؤ ضلع پرکاشم کے حلقہ اسمبلی ’ پرچور‘ سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اُترنے کی تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ مسٹر ڈی وینکٹیشور راؤ نے اپنے فرزند مسٹر ہتیش چنچو رام کو اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کروانے کے اہم مقصد سے نہ صرف وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے بلکہ اپنے فرزند کو بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شام کروایا۔ مسٹر چنچو رام کو انتخابی میدان میں اُتارنے کی جدوجہد جاری ہی تھی کہ انہیں اچانک مایوسی ہوگئی۔ کیونکہ مسٹر چنچو رام امریکی شہریت رکھتے ہیں اور ہندوستانی شہریت کے حامل نہییں ہیں۔ تاہم وہ اپنی امریکی شہریت ختم کرکے ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہی تھے کہ اچانک انتخابی شیڈول کا اعلان ہوگیا اور اس طرح ابھی تک مسٹر چنچو رام کی ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کے مسئلہ کی یکسوئی نہیں ہوسکی۔ کیونکہ امریکی شہریت ختم کرنے کا مسئلہ امریکی حکومت کے پاس ہی ابھی تک زیر التواء ہے۔ ہندوستانی شہریت نہ رکھنے والے افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ اس طرح کی صورتحال وینکٹیشورراؤ کی منصوبہ بندی پر مکمل پانی پھر جانے سے وہ مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں۔