ہم زلف کی وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت پر چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر کا ردعمل
حیدرآباد /28 جنوری ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے ہی ہم زلف مسٹر ڈی وینکٹیشور راؤ اور ان کے ارکان خاندان کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ محض اقتدار کی ہوس میں ہی وہ اپنے فرزند کے ہمراہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے وینکٹیشور راؤ کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ تبدیل کی ہوئی پارٹیاں کوئی نہیں ہیں ۔ یہاں تک کہ آر ایس ایس کے ساتھ ساتھ تمام پارٹیوں کے اطراف چکر لگاچکے ہیں ۔ چندرا بابو نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ڈی پورندیشوری کانگریس پارٹی میں مرکزی وزارت میں شامل تھیں تو ڈی وینکٹیشور راؤ کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی رہے ۔ بعد ازاں وہ اور ان کی اہلیہ کانگریس پارٹی سے مستعفی ہوکر بی جے پی برسر اقتدار آنے کے ساتھ ہی صرف اقتدار کیلئے ہی بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔ انہوں نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے کا اندازہ لگاتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی کوشش میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ۔ نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ مسٹر ڈی وینکٹیشور راؤ اور ان کی اہلیہ ڈی پورندیشوری کی مختلف پارٹیوں کو تبدیل کرنے کی اہم وجہ صرف اور صرف اقتدار ہے ۔ انہوں نے شریمتی لکشمی پاروتی کو بھی ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ صرف اور صرف اقتدار کیلئے ہی لکشمی پاروتی نے بھی وائی ایس آر کانگریس کے ساتھ اپنا گٹھ جوڑ کی ہیں ۔