حیدرآباد 29 مئی ( این ایس ایس ) راجیہ سبھا کیلئے نامزد امیدوار ڈی سرینواس نے آج چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ان کے کیمپ آفس پر ملاقات کی ۔ یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سرینواس 31 مئی کو راجیہ سبھا کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر رہے ہیں۔ ڈی سرینواس نے کچھ دیر چیف منسٹر سے بات کی اور راجیہ سبھا انتخابات کے علاوہ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیال کیا جو 2 جون کو مقرر ہے ۔ واضح رہے کہ راجیہ سبھا کیلئے نامزدگی کے بعد انہوں نے حکومت کے خصوصی مشیر کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ سے راجیہ سبھا نشستوں کیلئے سرینواس اور اپنے قریبی رفیق کیپٹن لکشمی کانت راؤ کو نامزد کیا ہے ۔
راجیہ سبھا کیلئے بی جے پی کے سریش پربھو کو تلگودیشم کی تائید کا امکان
وجئے واڑہ 29 مئی ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم پارٹی سمجھا جاتا ہے کہ وزیر ریلوے سریش پربھو کی آندھرا پردیش سے راجیہ سبھا کیلئے امیدواری کی تائید کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ راجیہ سبھا انتخابات 22 جون کو منعقد ہونے والے ہیں۔ تلگودیشم نے ابھی تک اس مسئلہ پر تجسس برقرار رکھا ہے کہ وہ اپنا چوتھا امیدوار نامزد کریگی یا نہیں۔ اگرا یسا کیا جاتاہے تو پھر انتخابات لازمی ہوجائیں گے ۔ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے آج تروپتی میں پارٹی ارکان اسمبلی سے اور شام میں پولیٹ بیورو ارکان سے بات کی اور انہوں نے مزید ایک دور کی بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد راجیہ سبھا انتخابات کے تعلق سے فیصلہ کیا جائیگا ۔