ڈی سرینواس مشیر خصوصی حکومت تلنگانہ سے مستعفی

حکومت نے استعفیٰ منظور کردیا، راجیہ سبھا کیلئے ادخال پرچہ نامزدگی کی تیاری
حیدرآباد۔28مئی ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد ڈی سرینواس نے حکومت کے خصوصی مشیر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے جسے حکومت نے فوری اثر کے ساتھ قبول کرلیا ۔ پرنسپال سکریٹری آدھر سنہا نے استعفیٰ کی منظوری سے متعلق آج سرکاری احکام جاری کئے ۔ حکومت نے ڈی سرینواس کو 21اگست 2015ء کو حکومت کا خصوصی مشیر برائے بین ریاستی معاملات مقرر کیا تھا ۔ ایک سال کی مدت کیلئے انہیں مقرر کرتے ہوئے کابینی وزیر کا درجہ دیا گیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے راجیہ سبھا کے امیدوار کی حیثیت سے ڈی سرینواس کے نام کا اعلان کیا جس کے بعد انہوں نے خصوصی مشیر کے عہدہ سے 27مئی کو استعفی پیش کردیا ‘ جسے آج قبول کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے چیف منسٹر نے ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ کو پارٹی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دونوں امیدوار 31 مئی کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب یقینی ہے کیونکہ کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا کے مقابلہ سے خود کو دور رکھنے کا فیصلہ کیاہے ۔ ابتداء میں وی ہنمنت راؤ کو مقابلہ میں اتارنے پر غور کیا گیا ‘ تاہم اسمبلی میں پارٹی کی عددی طاقت نہ ہونے کے سبب مقابلہ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آئندہ ماہ ریاست سے دو راجیہ سبھا ارکان وی ہنمنت راؤ اور جی سدھا رانی کی میعاد ختم ہورہی ہے ۔ سابق صدر پردیش کانگریس ڈی سرینواس نے ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد سے راجیہ سبھا کی نشست کیلئے اپنی کوششوں کا آغاز کیا تھا اور آخر کار انہیں کامیابی حاصل ہوئی ۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کے بعض ارکان اسمبلی اور قائدین ڈی سرینواس کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے سے ناراض ہیں لیکن چیف منسٹر نے ان کی ناراضگی پر کوئی توجہ نہیں دی ۔