مخدوم بھون میں سی پی آئی کا اجلاس ، جناب سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔31اگست(سیاست نیوز) نظام دور حکومت کی قدیم ڈی بی آر ٹیکسٹائیل مل کے چار ہزار سے زائد ملازمین پچھلے 23سال میں سے انصاف سے محروم ہیں سابق کی تمام ریاستی حکومتیں مذکورہ ملازمین کے ساتھ انصاف نہیں کرسکیں جبکہ ڈی بی آر ٹیکسٹائیل مل کے ملازمین انصاف کی جدوجہد کرتے ہوئے یاتو فوت ہوچکے ہیں یا پھر معاشی پریشانیوںکے سبب خودکشی کرچکے ہیں مگر آج تک ان کے ساتھ ریاست کی کسی بھی حکمران سیاسی جماعت نے انصاف نہیں کیا۔ سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے آج یہاں مخدوم بھون میں سی پی آئی گریٹر حیدرآباد نارتھ زون کمیٹی کے زیر اہتمام ڈی بی آر مل ملازمین کی تائید وحمایت میںمنعقدہ اجلا س سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔کنونیر نارتھ زون سی پیآائی ڈاکٹر سدھاکر‘ نرسنگ رائو‘ پی مدما کے علاوہ برطرف ملازمین کی تنظیم کے دیگر ذمہ داران نے بھی اجلا س سے خطاب کیا۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے اپنے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے ڈی بی آر مل ملازمین کے اندر انصاف کی امیدیں پیدا ہوئی تھیں مگر ریاست کی برسراقتدار حکمران جماعت نے ایک سال سے زائد وقفہ گذ ر جانے کے بعد بھی ڈی بی آر مل ملازمین کو انصاف سے محروم رکھا ہے۔ نظام دور حکومت کی اس قدیم ڈی بی آر مل کو 1982اور 1992کے درمیان میں متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی حکمران جماعت نے کرشنم راجو نامی سرمایہ کار کے حوالے کیاتھا جس نے چار ہزار سے زائد ملازمین کو بیک وقت برطرف کرتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کیا ،تب سے لیکر اب تک مل کے ملازمین انصاف کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے ان ملازمین کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا اور کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران ریاست میںبرسراقتدار حکمران جماعت نے تلنگانہ کی عوام بالخصوص مزدور پیشہ افراد کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے جو وعدے کئے ہیںاس پر عمل آواری کرے۔