اظہار ِ احترام کیلئے محبت و سادگی سے ’وڑنکم‘ کہنا کافی ہے
چینائی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے سربراہ ایم کے اِسٹالن کے پیر نہ چھوئیں کیونکہ یہ اپنے احترام، عزت ِنفس سے متعلق پارٹی کے نظریات کے منافی ہے اور اس کے بجائے پیار و محبت کے ساتھ ’’وڑنکم‘‘ کہا جائے۔ ڈی ایم کے ہیڈکوارٹرس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’محض حصول توجہ کیلئے پیر چھونے کا طریقہ کار ترک کردینا چاہئے اور ایک بہتر سیاسی کلچر کے فروغ کیلئے تعاون کیا جائے‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’کارکنوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ پارٹی کے صدر کے ایم اسٹالن کے پیر چھوتے ہوئے انہیں تکلیف نہ پہونچائیں… (بلکہ) ہمیں پارٹی میں فرض شناسی، احترام، عزت ِ نفس اور ڈسپلین جیسے اُصولوں کی پاسداری کرنے دیجئے‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کے پیر چھونے کے بجائے سادگی اور محبت کے ساتھ ’’وڑنکم‘‘ کہتے ہوئے بھی جذبہ احترام کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈی ایم کے گزشتہ کئی سال سے اَنّا ڈی ایم کے کے اُن قائدین کا مذاق اُڑایا کرتی رہی ہے جو (قائدین) آنجہانی جیہ للیتا سے اظہارِ عقیدت و فرماں برداری کیلئے ان کے پیروں پر لیٹ جایا کرتے تھے۔