ڈی ایم کے نے انتخابی امیدواروں کی فہرست جاری کردی

راجہ اور مارن کی نامزدگی، الاگیری نامزدگی سے محروم، کروناندھی کی پریس کانفرنس

چینائی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی نے سابق ٹیلیکام سنٹر اور 2G اسکام ملزم اے راجہ کو 24 اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کیلئے دوبارہ نامزد کیا ہے اور خود اپنے بیٹے ایم کے الاگیری کو پارٹی کا ٹکٹ نہ دیکر پارٹی کے باغیوں کو ایک سخت پیغام دیا ہے۔ اے راجہ کے علاوہ ایک اور سابقہ ٹیلی کام سنٹر اور 2G اسکام ملزم دیاندھی مارن کو بھی دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔ اے راجہ کو ان ہی حلقہ انتخاب کیلئے نامزد کیا ہے جن کی وہ موجودہ طور پر نمائندگی کرتے ہیں۔ ڈی ایم کے نے آج 33 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پڈوچیری کی واحد نشست بھی شامل ہے، نے 10 موجودہ ایم پیز کی دوبارہ نامزدگی کو مسترد کردیا اور صرف 8 کی تائید جن میں ٹی آر بابو بھی شامل ہیں۔ کروناندھی نے عجلت میں طلب کی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی اور کہا کہ پارٹی کی حلیف جماعتیں وی سی کے، آئی یو ایم ایل، ایم ایم کے اور پی ٹی کیلئے بھی ایک نشستوں کو مختص کیا گیا ہے۔

یاد رہیکہ الاگیری کو جاریہ سال کے اوائل میں ڈسپلن شکنی کی پاداش میں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا اور اس طرح نہ صرف الاگیری کو نامزدگی سے محروم کردیا گیا بلکہ ان کے حامیوں ڈی نپولین اور جے رتھیش کو بھی ٹکٹ دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے راجہ اور مارن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے خلاف لگائے گئے الزامات کمزور ہیں۔ کروناندھی نے مدورائی حلقہ انتخاب کیلئے وی ویلوچامی کے نام کا اعلان کیا جس کی نمائندگی موجودہ طور پر الاگیری کرتے ہیں۔ کروناندہی نے کہا کہ سی پی آئی اور سی پی آئی (ایم) سے انتخابات سے متعلق کوئی بات چیت نہیں کی گئی ہے جنہوں نے گذشتہ اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ یاد رہیکہ ٹاملناڈو میں 39 لوک سبھا نشستیں ہیں۔