سابق صدر جمہوریہ اور رکن اسمبلی کشٹا ریڈی کو چیف منسٹر کا بھرپور خراج، اجلاس کی کارروائی 29 ستمبر تک ملتوی
حیدرآباد /23 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں بھارت رتن سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حیدرآباد کے ڈی آر ڈی ایل کو ان سے موسوم کرنے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرنے کے لئے اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی گئی۔ ساتھ ہی کانگریس رکن اسمبلی پی کشٹا ریڈی کے انتقال پر انھیں بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں ایوانوں کی کارروائی 29 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے انتقال سے ملک اور دفاعی شعبہ کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے اور ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے، اس کی پابجائی ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ رامیشورم کے غریب گھرانے میں آنکھیں کھولنے والے ڈاکٹر عبد الکلام نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ اعلی تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے ہنر اور تجربات سے ساری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کیا، جب کہ پکھران تجربہ کے بعد وہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے مشیر رہے۔ انھیں سکھوی جنگی طیارہ چلانے کا اعزاز حاصل ہوا اور 2002ء تا 2007ء بحیثیت صدر جمہوریہ ملک کی خدمت انجام دی، جب کہ ان کی خدمات سے متاثر ہوکر حکومت ہند نے انھیں پدما بھوشن اور بھارت رتن جیسے اعلی اعزازات سے نوازا۔
چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبد الکلام نے ذات پات اور مذہب و علاقہ سے بالاتر ہوکر ملک کے لئے خدمات انجام دیں۔ حیدرآباد سے بھی ان کا رشتہ رہا ہے، وہ ڈی آر ڈی ایل کے لئے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، لہذا وہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حیدرآباد کے ڈی آر ڈی ایل کو ڈاکٹر عبد الکلام سے موسوم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے دوسری قرارداد پیش کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ (ضلع میدک) کی نمائندگی کرنے والے کانگریس رکن اسمبلی پی کشٹا ریڈی کے انتقال پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے ڈاکٹر عبد الکلام کے انتقال کو ملک کا سب سے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور انھوں نے اپنی زندگی کو ملک کے لئے وقف کردیا تھا۔ قائد اپوزیشن نے پی کشٹا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی آر ڈی ایل کو ڈاکٹر کلام سے موسوم کرنے کے قرارداد کی بھرپور تائید کی۔ اسی دوران تلگودیشم کے قائد مقننہ ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ملک ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، جب کہ ڈاکٹر عبد الکلام کو صدر جمہوریہ بنانے کی سربراہ تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے این ڈی اے حکومت کو تجویز پیش کی تھی۔ انھوں نے ڈاکٹر کلام کے نظریات پر عمل کرنے ملک اور ریاست پر زور دیا۔ بی جے پی کے قائد مقننہ ڈاکٹر لکشمن نے ڈاکٹر عبد الکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی کو نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔ مجلس، سی پی آئی، سی پی ایم، وائی ایس کانگریس کے ارکان کے علاوہ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر، کانگریس رکن اسمبلی ملو بٹی وکرامارک اور بی جے پی رکن اسمبلی جی کشن ریڈی، تلگو دیشم قائد ای دیاکر راؤ، بی جے پی قائد ڈاکٹر لکشمن، احمد پاشاہ قادری، وزراء ہریش راؤ، پوچارام سرینواس ریڈی، سی پی آئی اور سی پی ایم کے قائدین نے بھی ڈاکٹر عبد الکلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور چیف منسٹر کے قرارداد کی تائید کی۔ جب کہ گیتا ریڈی، جی چنا ریڈی اور ڈی کے ارونا نے پی کشٹا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب میں آنجہانی رکن اسمبلی کے خاندان کے کسی فرد کو بلامقابلہ کامیاب بنانے تمام جماعتوں سے اپیل کی۔