ڈیٹا افشا کیس : فیس بُک، انالٹیکا کو نوٹسیں جاری

جواب ملنے کے بعد کارروائی کی جائے گی، روی شنکر پرساد کا بیان
نئی دہلی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر آئی ٹی روی شنکر پرساد نے کہاکہ حکومت نے فیس بُک اور کیمبرج انالیٹکا کو ڈیٹا افشاء مسئلہ پر نوٹسیں جاری کی ہیں اور ان کا جواب موصول ہونے کے بعد ہی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم ہندوستان میں ڈیٹا کے تحفظ کے معاملہ میں بہت ہی سخت ہیں۔ اس سلسلہ میں نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔ حکومت ہند نے ان دونوں کمپنیوں سے جواب طلب کیا ہے ہم کو ان کے جواب کا انتظار کرنا چاہئے۔ ہم ان کا جواب ملنے کے بعد ہی کارروائی کریں گے۔ حکومت کی جانب سے قبل ازیں دی گئی وارننگ کے باعث وزیر آئی ٹی نے کل نوٹس جاری کی۔ فیس بُک سوشیل نیٹ ورکس کو نوٹس دیئے جانے کے بعد ڈیٹا شکنی اور تفصیلات افشاء کرنے پر اس کا جواب ملنے کا انتظار ہے۔ شخصی ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے وزارت آئی ٹی فیس بُک کے علاوہ دیگر سے یہ پانچ سوال کئے ہیں کہ آیا ہندوستانی رائے دہندوں کے شخصی ڈیٹا اور استعمال کنندگان کے بشمول کیمبرج انالٹیکا یا کسی اور نے اس ڈیٹا کو کسی بھی طریقہ سے حاصل کیا ہے۔ نوٹس کے ساتھ فیس بُک کو 7 اپریل کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اس تعلق سے تفصیلات روانہ کرے۔