پاکسے ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لاؤس میں ایک ڈیم ( بند) کے ٹوٹ جانے سے لاپتہ افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے ۔ ڈیم کے منہدم ہوتے ہی اُس کا پانی آس پاس کے مواضعات میں داخل ہوگیا جس میں اب تک 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ زائد از 6000 افراد کے مکانات تباہ ہوگئے ۔ یہ ڈیم لاؤس کے اتاپُیو صوبے میں زیر تعمیر تھا۔ چھ دیہات پوری طرح زیرآب ہیں۔ ڈیم کا پانی تیرہ سو مکانات میں بھرا ہوا ہے۔ سات ہزار کے قریب باشندے بے گھر بھی ہو گئے۔ آخری خبریں آنے تک تقریباً تین ہزار افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا سکا تھا۔ بہت سے مقامی باشندے اپنے پانی میں ڈوبے گھروں کی چھتوں پر امداد کے منتظر ہیں۔دوسری طرف سرکاری لاؤس نیوز ایجنسی کے پی ایل نے کل سینکڑوں افراد کے لاپتہ ہونے کی توثیق کی تھی۔ جنوبی کوریا نے لاؤس کیلئے ایک خصوصی امدادی ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔