ڈیزل کی قیمت میں 1.09 روپئے فی لیٹر اضافہ

نئی دہلی ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مختصر وقفے کے بعد ڈیزل کی قیمتوں میں آج 1.09 روپئے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا، جس میں ریاستی محصول شامل نہیں ہے۔ ڈیزل کی شرحوں میں ماہانہ اضافے جو ہندوستان میں نئی حکومت کے انتخاب کیلئے ووٹنگ شروع ہونے سے عین قبل روک دیئے گئے تھے، آج رائے دہی ختم ہوتے ہی بحال کردیئے گئے۔ ان اضافوں میں جو آج نصف شب سے نافذ العمل ہیں، اسٹیٹ سیلز ٹیکس یا ویاٹ شامل نہیں اور حقیقی اضافہ زیادہ ہوگا نیز شہر سے شہر بدلتا رہے گا، آئیل کمپنیوں نے یہ اعلان کیا ہے۔ دہلی میں ڈیزل کی قیمت ٹیکسوں کو شامل کرنے کے بعد فی لیٹر 1.22 روپئے بڑھتے ہوئے 56.71 روپئے فی لیٹر ہوجائے گی، جبکہ ممبئی میں اس کی لاگت موجودہ 63.86 روپئے کے برخلاف 65.21 روپئے فی لیٹر ہوگی۔ سرکاری ملکیت والی تیل کمپنیاں جنھوں نے ڈیزل کی قیمت آخری مرتبہ یکم مارچ کو بڑھائی تھی، آج کے اضافے کے بعد بھی 5.71 روپئے فی لیٹر نقصان برداشت کریں گے۔