ڈیزائنر برقعہ پہننے کے خلاف فتویٰ

حجاب کے نام پر خواتین کا سلم اور فٹ برقعہ زیب تن کرنا ممنوع
لکھنؤ ۔ /4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مسلم خواتین کا ڈیزائنر برقعہ اور سلم فٹ برقعہ پہننا ممنوع ہے ۔ ایسے برقعہ جس کے پہننے کے بعد بھی آنکھیں کھلی ہوں اور جس سے جسم کی ساخت ظاہر ہوتی ہے اس کو پہننا اسلام کے خلاف ہے ۔ ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے یہ فتوی جاری کیا ہے ۔اس کا کہنا ہے کہ اسلام میں مختلف انداز ، رنگوںاور ڈیزائنس کے برقعہ پہننے کی ممانعت ہے ۔ حجاب کے نام پر ڈیزائنر برقعے پہنے جارہے ہیں ۔ یہ فتوی ایک شخص کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جاری کیا گیا جس میں اس شخص نے مفتی صاحبان سے پوچھا تھا کہ آیا ڈیزائنر برقعے پہنے جاسکتے ہیں جس سے جسم کی ساخت واضح نظر آتی ہو اور مرد حضرات کے لئے ایسے برقعے نمائش کا کام دیتے ہوں ۔ اسلام میں ایسے برقعہ زیب تن کرنا آیا جائز ہے ۔ دارالعلوم دیوبند نے اسے ڈیزائنر برقعوں کو اسلامی اصولوں کے مغائر قرار دیا ۔