ڈیرہ مقدمہ : متاثرہ خاندان کو قتل کیس کے فیصلہ کا انتظار

کروکشیترا ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ نے اپنی کئی خاتون پیروؤں کا جنسی استحصال کیا تھا اور انہیں اذیت دی تھی، لیکن وہ اپنی برادری میں بدنام ہونے کے خوف سے خاموش تھیں۔ ایک خاتون نے خودساختہ مذہبی رہنما کو چیلنج کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔ دریں اثناء مہلوک صحافی کے ارکان خاندان نے کہا کہ انہیں قتل کیس کے فیصلہ کا انتظار ہے، کیونکہ 40 سال پہلے ڈیرہ سچا سودا کے بابا گرمیت رام رحیم سنگھ اس قتل میں ملوث تھے، اس وقت اس ڈیرہ کے سربراہ بابا ست نام سنگھ تھے۔ متاثرہ کے ارکان خاندان نے کہا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے ذہنی دباؤ اور کئی دھمکیوں کی بناء پر خاموش رہے تھے۔

 

دلیرانہ فیصلے اور ان پر مخلصانہ عمل آوری ہمارا طریقہ : مودی
اُدئے پور۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت کئی دلیرانہ فیصلے کرچکی ہے اور ان پر پورے خلوص کے ساتھ عمل آوری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے نظام کے مفلوج ہوجانے کے خوف سے ماضی میں کسی نے بھی ایسا نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد وہ پورے نظام کو تبدیل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کوئی شخص جو کمزور ہو، ایسا کرسکتا ہے۔ کیا اسے دھمکیاں نہیں دی جائیں گی، لیکن ہمارا خمیر کسی اور مٹی سے اٹھا ہے۔یہ دوسروں کی طرح خوف زدہ ہونے والا نہیں۔