حیدرآباد 24 جنوری (پی ٹی آئی) سابق گورنر ریزرو بینک سی رنگاراجن نے خبردار کیاکہ ترقی یافتہ دور میں جسے ’’ڈیجیٹل دور‘‘ کہا جارہا ہے، عوام کے لئے روزگار کے مواقع کم ہوجائیں گے۔ حالانکہ یہ توقع کی جارہی ہے کہ اعلیٰ سطح پر روزگار فراہم ہوگا۔ اُنھوں نے ICFAI فاؤنڈیشن برائے اعلیٰ تعلیم کا ساتواں یوم تاسیس لکچر دیتے ہوئے کہاکہ مشین کے ذریعہ روزگار کے مواقع کم ہونے کی صورتحال ہندوستان میں فی الحال زیادہ دھماکو نہیں ہے لیکن ہمیں مستقبل پر نظر رکھنی چاہئے۔ رنگاراجن نے جو ICFAI فاؤنڈیشن فار ہائر ایجوکیشن (IFHE) کے چانسلر بھی ہیں، کہاکہ ڈیجیٹل دور سے پہلے تک انسانی کام جو مشین کے ذریعہ کیا جارہا تھا وہ محدود تھا۔ لیکن عصری دور کے باعث مشین نے روزگار کی جگہ لے لی ہے اور بڑے پیمانہ پر وہ متبادل کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ اگرچہ روزگار کا میدان اعلیٰ سطح پر آج بھی کھلا ہوا ہے لیکن بعض شعبوں اور مقامات پر اِس میں نمایاں کمی آرہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ صنعتی انقلاب کے ابتدائی دور میں مشین انسانوں کی مدد کررہی تھی لیکن اب مشین تیزی کے ساتھ انسانوں کا متبادل بن رہی ہیں۔ ہندوستان میں فی الحال صورتحال اِس قدر تشویشناک نہیں ہیں لیکن جلد یا بدیر ہم بھی اِس منزل تک پہنچیں گے۔ اُنھوں نے ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ انجینئرنگ کالجس کے بارے میں جو رپورٹ سامنے آئی ہے اُس کے مطابق یہاں سے فارغ ہونے والے 70 فیصد طلباء میں درکار صلاحیتوں کا فقدان پایا جاتا ہے۔