ڈگ وجئے سنگھ کی آمد ، آج اور کل کانگریس کا اجلاس

عام انتخابات میں شکست کے بعد پارٹی کو دوبارہ مستحکم بنانے کی کوشش
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ 24 اور 25 اگست کو منعقد ہونے والے کانگریس کے محاسبہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے حیدرآباد پہونچ چکے ہیں ۔ عام انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد کانگریس پارٹی کی جانب ابراہیم پٹنم کے شری ہندو انجینئرنگ کالج میں دو روزہ محاسبہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے پارٹی کے قائدین سے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے بتایا کہ 24 اگست کو پہلے دن اجلاس کے مقام پر صبح 9 بجے پارٹی پرچم لہرایا جائے گا ۔ ناشتے کے بعد 11-30 بجے سے ڈھائی بجے تک پہلا سیشن منعقد ہوگا ۔ ڈھائی سے 4 بجے تک دوسرا سیشن منعقد ہوگا ۔ 4-15 سے 5-15 تک تیسرا سیشن منعقد ہوگا جس کے بعد پہلے دن کا اجلاس ختم ہوگا ۔ 25 اگست کو دوسرے دن صبح 10 بجے سے اجلاس کا آغاز ہوگا ۔ دوپہر تک مختلف موضوعات اور مسائل پر مباحث ہوں گے ۔ جس کو گروپ کی شکل دی جائے گی ۔ اور ہر گروپ کے لیے صدر نشین اور ارکان کا انتخاب ہوگا ۔ لنچ کے بعد مختلف مسائل پر قرار داد منظور کی جائے گی ۔ اجلاس میں پارٹی کی شکست کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ اجلاس میں 2014 کے عام انتخابات میں اسمبلی اور لوک سبھا کے لیے مقابلہ کرنے والے امیدواروں پارٹی کے سینئیر قائدین اور زیڈ پی ٹی سی ۔ ایم پی ٹی سی ، کارپوریشن کے ارکان مارکٹ اور منڈل کمیٹیوں کے صدور نشین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ دو روزہ محاسبہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی گاندھی بھون پر مختلف قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل کا بھی جائزہ لیا ہے ۔۔