ڈگ وجئے سنگھ کیخلاف وارنٹ جاری اور منسوخ

نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے آج کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کی مجرمانہ تحقیر عدالت مقدمہ میں غیر حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا۔ تاہم کافی دیر بعد وہ عدالت میں پیش ہوئے جس کی بناء وارنٹ منسوخ کردیا گیا۔ ڈگ وجئے سنگھ نے تقریباً 3بجے عدالت میں حاضر ہوتے ہوئے وارنٹ سے دستبرداری کی خواہش کی۔ اُنھوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 10 نومبر کو مقررہ سماعت کے دن بھی وہ شخصی طور پر حاضر رہیں گے۔ قبل ازیں 12 بجے دن جب یہ معاملہ سماعت کے لئے پیش ہوا ، ڈگ وجئے سنگھ کے وکیل نے شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے کی خواہش کی تھی۔ عدالت نے اُن کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف یہ مقدمہ دائر کیا ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومتی منوچا نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کو بھی جنھوں نے 2012 ء میں درخواست داخل کی تھی، 10 نومبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے خبردار کیاکہ اگر اُس دن وہ عدالت میں حاضر نہ ہوں تو اُن کی درخواست رد کردی جائے گی۔ گڈکری نے ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف تحقیر عدالت کا مقدمہ دائر کیا تھا جنھوں نے سابق بی جے پی صدر پر اُس وقت کے رکن پارلیمنٹ اجئے سنچیتی کے ساتھ تجارتی روابط کا الزام عائد کیا تھا۔ عدالت نے اِس مقدمہ کے ملزم ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف اُس وقت قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جب اُن کے وکیل نے عدالت سے شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے کی خواہش کی تھی۔ ڈگ وجئے سنگھ کے وکیل کی اِس درخواست کی گڈکری کے وکیل نے مخالفت کی۔ مجسٹریٹ نے ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ اور 10 ہزار روپئے کی ضمانت کا حکم جاری کیا۔