خود ساختہ کانگریس کو سیکولرازم کا ثبوت پیش کرنے کا مشورہ ، محمد فاروق حسین
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اپوزیشن کے علاوہ خود کانگریس قائدین کی جانب سے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجئے سنگھ کی دینی مدارس کے خلاف اظہار کردہ خیال پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مسلمانوں سے معذرت خواہی کریں ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کہا کہ سیکولرازم کا لبادہ اڑھنے والے ڈگ وجئے سنگھ کے دل کی بات زبان پر آگئی ہے ۔ انہوں نے دینی مدارس اور آر ایس ایس کی جانب سے چلائے جانے والے سرسوتی ششومندر میں ایک جیسی نفرت کی تعلیم فراہم کرنے کا ٹوئٹر پر ٹیوٹ پوسٹ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دراصل ڈگ وجئے سنگھ آر ایس ایس کے ایجنٹ ہیں ۔ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے میڈیا میں مسلمانوں کے تئیں جھوٹی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کا کھلواڑ کررہے ہیں ۔ خود ساختہ سیکولر کانگریس کو اپنی سیکولرازم کا ثبوت پیش کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ اگر مسلمانوں سے کانگریس کو سچی ہمدردی ہے تو وہ ڈگ وجئے سنگھ کو ہدایت دیں کہ دینی مدارس کے خلاف کیے گئے ریمارکس سے فوری دستبردار کرائے یا ان کے خلاف پارٹی تادیبی کارروائی کریں ۔ انہوں نے دینی مدارس کے خلاف ڈگ وجئے سنگھ کے غیر ذمہ دارانہ ریمارکس پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر اے آئی سی سی سکریٹری وی ہنمنت راؤ کے علاوہ دوسرے کانگریس قائدین کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیا اور پارٹی ہائی کمان سے شکایت کرنے پر زور دیا ۔ کانگریس قائد خلیق الرحمن نے بھی ڈگ وجئے سنگھ کے ٹیوٹ کو پارٹی اصول اور نظریات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس امن و امان کی علامت ہے ۔ جنگ آزادی میں دینی مدارس نے جو رول ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ دینی مدارس کا سرسوتی مندر کے ششو اسکولس سے تقابل کرنا دینی مدارس کی توہین ہے ۔ لہذا بغیر کسی تاخیر کے ڈگ وجئے سنگھ اپنے ٹیوٹ سے دستبردار ہوجائے اور مسلمانوں بالخصوص علمائے دین سے معذرت خواہی کریں ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو بھی ڈگ وجئے سنگھ کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ذمہ دار قائد کے دینی مدارس کے خلاف اختیار کردہ موقف سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ کو مسلمانوں سے معذرت خواہی کرائے یا ان کے خلاف کارروائی کریں ۔۔