ڈگری کالجوں میں آن لائین داخلوں کا اعلان

حیدرآباد۔/22مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے ڈگری کالجوں میں داخلوں کے تعلق سے تشکیل دی گئی ’’ دوست کمیٹی ‘‘ نے آن لائین داخلوں کا اعلان کرتے ہوئے داخلہ نوٹیفکیشن جاری کیا اور بتایا کہ ڈگری کورسیس کے داخلے تین مرحلوں میں مکمل کرتے ہوئے نشستوں کا الاٹمنٹ کیا جائے گا۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انٹر میڈیٹ میں ناکام امیدواروں کے پرچوں کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی دوبارہ گنتی کی تکمیل کے ذریعہ 27 مئی کو نتائج کی دوبارہ اجرائی عمل میں لانے تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں گذشتہ دنوں میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کو ملتوی کرتے ہوئے آج نیا داخلہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس طرح آن لائن ڈگری کورسیس میں داخلوں سے متعلق نئی تواریخ پر مشتمل شیڈول کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن و شیڈول کے مطابق 23 مئی تا 3 جون پہلے مرحلہ کے تحت دوست رجسٹریشن کروائے جاسکتے ہیں۔ 25 مئی تا 3 جون ویب آپشن کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 11 جون تک پہلے مرحلہ کے تحت داخلہ جات کے ذریعہ نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 تا15 جون تک دوسرے مرحلہ کے تحت آن لائین رجسٹریشن کئے جاسکتے ہیں۔ 20 جون کو دوسرے مرحلہ کے تحت ڈگری کورسیس میں داخلے کے ذریعہ نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ جبکہ 20 تا 26 جون تک تیسرے مرحلہ کے تحت آن لائن رجسٹریشن کئے جاسکتے ہیں۔ 29 جون کو تیسرے مرحلہ کے تحت ڈگری کورسیس میں داخلوں کے ذریعہ نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ کونسل کے ذرائع کے مطابق تین مرحلوں میں ڈگری کورسیس میں داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی یکم جولائی سے تمام ڈگری کالجس میں باقاعدہ طور پر کلاسیس کا آغاز ہوگا۔