خانگی کالجس کو زائد فیس وصول کرنے کی اجازت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی سے الحاق کے لیے کالجس کے رجسٹریشن میں تاخیر کی وجہ سے انڈر گریجویٹ کورس میں داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کا امکان ہے ۔ رجسٹرار یونیورسٹی ای سریش کمار نے کہا کہ چند پرائیوٹ کالجس نے آن لائن پلیٹ فارم پر آنے سے اتفاق نہیں کیا ہے اور عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے ۔ اس وجہ سے عثمانیہ یونیورسٹی سے ملحقہ کالجس میں داخلوں میں تاخیر ہوئی ہے ۔ رجسٹرار نے کہا کہ خانگی کالجس کالج فیس سے متعلق زیارہ فکر مند ہیں ۔ چند روز قبل پرائیوٹ کالجس کے ذمہ داروں نے یونیورسٹی کے مشیروں سے ملاقات کی ان خانگی کالجس کو زائد فیس وصول کی اجازت دی گئی ہے جو دس ہزار روپئے سے زیادہ نہ ہوگی ۔ رجسٹرار نے کہا کہ کالجس آن لائن داخلوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع پر غور کررہے ہیں ۔ آن لائن رجسٹریشن 20 مئی سے شروع ہوا اور سمجھا جاتا ہے کہ 6 جون تک یہ عمل جاری رہے گا ۔ ریاستی حکومت نے طلبہ کی سہولت کے لیے ویب سائٹ dost ( ڈگری آن لائن سرویس ) شروع کی ہے تاکہ آن لائن داخلے کے لیے درخواستیں پیش کرسکیں ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت چند پرائیوٹ کالجس کے سوا تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیز سے ملحقہ کالجس نے داخلوں کے نئے آن لائن طریقے کو قبول کیا ہے ۔۔