حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی ڈگری سال آخر امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس بار بھی کامیابی میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کرلی ہے ۔ یہ امتحانات مارچ / اپریل 2018 میں منعقد ہوئے تھے ۔ ان میں لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 66.05 فیصد رہا جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 46.97 فیصد رہا ہے ۔ بحیثیت مجموعی کامیابی کا تناسب 57.10 فیصد رہا ہے جو سال گذشتہ کی بہ نسبت قدرے کم رہا ہے ۔ گذشتہ سال 57.23 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔ نتائج کو عثمانیہ یونیورسٹی کی ویب سائیٹ www.osmania.ac.in پر پیش کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جملہ 63,522 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے جن میں 36,273 امیدواروں نے بی اے ‘ بی کام ‘ بی ایس سی اور بی بی اے سال آخر کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ بی میں کامیابی کا تناسب 68.27 فیصد رہا ‘ بی کام میں 64.21 فیصد رہا ‘ بی ایس سی میں 37.65 فیصد رہا اور بی بی اے میں 88.04 فیصد رہا ہے ۔ ان نتائج کا جملہ 36 دنوں میں اعلان کردیا گیا اور پرچوں کی جانچ کا کام 2,435 اساتذہ نے کیا ۔ پرچوں کی دوبارہ جانچ کی درخواستیں 29 مئی سے 15 جون تک قبول کی جائیں گی اور فی پرچہ 250 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد دیرانہ کے ساتھ آخری تاریخ 25 جون ہے اور اس کیلئے فی پرچہ اضافی 200 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔