ملزمین سے مسروقہ مال ضبط ، راجندر نگر پولیس کا کارنامہ
حیدرآباد /6 ستمبر ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس نے منصوبہ بند طریقہ سے ڈکیتی کی واردات انجام دینے اور قاتلانہ حملہ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا جس میں گھر کا نوکر شامل ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے 28 سالہ پی ناگاراجو ساکن گرین سٹی بدویل اور اس کے ساتھی کے ملیش 35 سالہ ساکن گرین سٹی بدویل کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ سامان کو ضبط کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ شب سینئیر جرنلسٹ مسٹر ایم کرشنا کے مکان میں اس پر حملہ کیا گیا اور ان کے مکان سے قیمتی طلائی اور الکٹرانک اشیاء اور چیکس کو لوٹ لیا گیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق روزانہ کے معمول کی طرح رات کرشنا اپنے مکان میں موجود تھا کہ رات دیر گئے ملزم نمبر ایک ناگاراجو نے اسے نیند سے جگایا اور برقی گل ہونے کی بات بتائی جس کے بعد ان دونوں نے برقی کنکشن کی جانچ کی اور برقی آنے کے بعد کرشنا پر ایک اجنبی نے حملہ کردیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہوگیا ۔ حملہ کے فوری بعد مکان سے ناگاراجو فرار ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق شکایت گذار کی شکایت اور حملہ کی نوعیت سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبہ بند طریقہ سے انجام دی گئی اس واردات میں مکان مالک کو ہلاک کرنا بھی شامل تھا ۔ پولیس شکایت کے فوری بعد ناگاراجو کو اس کے مکان سے حراست میں لیکر پوچھ گچھ اور دوران تفتیش نے اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔