ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے پروتا گیری گاوں کی ذمہ داری قبول کی

حیدرآباد 23 اگسٹ ( این ایس ایس ) ایک اہم اقدام میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ترقی دینے کے مقصد سے ورنگل ضلع میں اپنے ہی آبائی گاؤں پروتا گیری کا ذمہ قبول کیا ہے ۔ سری ہری نے الزام عائد کیا کہ آزادی کے بعد 69 برس میں ایسے گاؤوں کو ترقی نہیں دی جاسکی جنہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر آج پروتا گیری گاوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے یہاں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ہر گاؤں کو ویسی ترقی کرنی چاہئے جیسی گنگا دیوی پلی گاؤں نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسی سمت میں کام کر رہی ہے اور حکومت کے ترقیاتی کام جاری رہیں گے ۔