ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی درگاہ اجمیر پر حاضری

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی درازی عمر اور ریاست کی ترقی کیلئے دعائیں

حیدرآباد۔7ستمبر(سیاست نیوز) نائب وزیراعلیٰ الحاج محمد محمودعلی نے بارگاہ خواجہ اجمیری ؒ پر حاضری دیتے ہوئے چادر پیش کی ۔بعدازاں جناب محمد محمودعلی نے درگاہ اجمیر کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ارادہ کیاتھا کہ اگر چیف منسٹر چندرشیکھر رائو کی آنکھ کا کامیاب آپریشن ہوجائے تو ہ بارگاہ خواجہ اجمیری پر حاضری دینگے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہماری حکومت نے تلنگانہ سے اجمیر آنے والے زائرین کوقیام او رطعام کی سہولتوں کیلئے رباط قائم کرنے کا اعلان کیاتھا جس کیلئے ہماری حکومت راجستھان حکومت سے مسلسل رابطے میںہے۔ جناب محمد محمودعلی نے بتایا کہ شہر سے کچھ فاصلے پر دو سے تین ہزارگز کی ایک جگہ کے علاوہ درگاہ اجمیر کے قریب میںواقعہ چار سے ساڑھے چار سو گز کے ایک پلاٹ کا مشاہدہ کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اجمیر میںایک بہترین رباط قائم کرنا ہے تاکہ زائرین کو زیادہ سہولتیںفراہم کی جاسکیں۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اس ضمن میںمتعلقہ آرڈی او اور کلکٹر سے ہم نے بات کی ہے اوردیوان اجمیر شریف سے کہاکہ وہ اس ضمن میںایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دیں جورباط کی تعمیر کے کاموں کو قطعیت دے سکے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اندرون دوتین ماہ جگہ کی نشاندہی کے ساتھ ہی تعمیری سرگرمیوں کا آغاز ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بارگاہ خواجہ اجمیری پر حاضری کے دوران چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی درازی عمر ‘ صحت او ریاست کی ترقی کیلئے دعائیں کی گئی۔ انہو ںنے بتایا کہ ٹی آر ایس پارٹی میںپچھلے چودہ سالوں سے کام کررہی پارٹی کے سینئر قائدین کیلئے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیاگیا۔