ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا آج دورۂ سوریا پیٹ و مریال گوڑہ

رعیتو بندھو اسکیم کا افتتاح،پٹہ دار پاس بکس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل 10 مئی کو ضلع نلگنڈہ کے سوریا پیٹ اور مریال گوڑہ رعیتو بندھو اسکیم اور کسانوں میں پٹہ دار پاس بک کی تقسیم کا افتتاح کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے 10 تا 17 مئی تلنگانہ کے تمام اضلاع میں دورہ کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پٹہ دار پاس بک کی تقسیم اور رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں میں امدادی چیکس کی اجرائی کے پروگراموں میں حصہ لے سکیں۔ سوریا پیٹ اور مریال گوڑہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ کسانوں سے متعلق سمیتی کے صدرنشین اور رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی موجود رہیں گے۔ وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی محبوب نگر میں اسکیم کا آغاز کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر 11 مئی کو ورنگل رورل ، ورنگل اربن ، جنگاؤں اور یادادری ، 12 مئی کو نظام آباد ، کاما ریڈی ، میدک اور سنگا ریڈی ، 14 مئی کو عادل آباد ، نرمل اور آصف آباد ، 15 مئی کو ونپرتی ، گدوال ، وقار آباد ، رنگا ریڈی ، 16 مئی کو منچریال ، پدا پلی ، جگتیال اور سرسلہ جبکہ 17 مئی کو جئے شنکر بھوپال پلی ، محبوب آباد ، سدی پیٹ اور میڑچل میں مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست بھرکے کسانوں میں چیکس کی تقسیم اور پٹہ دار پاس بکس کی اجرائی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فی ایکر 4000 امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ محمود علی نے کہا کہ نظام دور حکومت میں اس وقت کے وزیر مال سالار جنگ نے 1930 ء میں اراضیات کا سروے کیا تھا ۔ اس کے بعد تلنگانہ حکومت نے سروے کا اہتمام کیا۔ 87 برس بعد کے سی آر نے اقتدار کے تین برسوں میں سروے کے ذریعہ اراضی ریکارڈ میں شفافیت پیدا کی ہے۔ 2 کروڑ 21 لاکھ 65 ہزار 130 ایکر اراضی کا ریکارڈ محفوظ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کاشت کے لئے امداد فراہم کرنے والی تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ضلع کلکٹرس اور ریونیو عہدیداروں کو دونوں اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ اسکیم میں مکمل شفافیت ہونی چاہئے ۔