ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے جناب ابراہیم مسقطی کی عیادت کی

حیدرآباد۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سینئر قائد اور سابق رکن قانون ساز کونسل جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے ملاقات کی اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے جناب ابراہیم مسقطی کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ جناب مسقطی کے علاج اور نگہداشت میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے ماہر ڈاکٹرس کی فراہمی کا بھی پیشکش کیا۔ جناب ابراہیم مسقطی سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز میں شریک ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ گزشتہ دو دن میں جناب مسقطی کی صحت میں نمایاں بہتری ہوئی ہے اور بہت جلد انہیں آئی سی یو سے روم میں منتقل کردیا جائے گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں نے ہاسپٹل پہنچ کر جناب مسقطی کی عیادت کی اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔