درگاہ حضرات یوسفینؒ میں دعائیہ اجتماع ، سید اکبر حسین ، محمد مسیح اللہ و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/2 فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے آج درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین، صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان، رکن وقف بورڈ وحید احمد اور دیگر ٹی آر ایس قائدین نے حاضری دیتے ہوئے چادرگل پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی عاجلانہ صحتیابی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد نماز جمعہ حاضری کیلئے آنے والے زائرین کی کثیر تعداد نے اس دعا میں شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین فینانس کارپوریشن اکبر حسین نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی عوامی اور ملی خدمات کے سبب انہیں تلنگانہ کے کروڑہا عوام کی دعائیں حاصل ہیں خاص طور پر غریب طبقات کیلئے انہوں نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی دعاؤں کے نتیجہ میں ڈپٹی چیف منسٹر بہت جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان نے کہا کہ ناسازی مزاج پر ڈپٹی چیف منسٹر کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں ان کی طبیعت اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر عوامی خدمات میں اس قدر مصروف رہتے ہیں۔ خرابی صحت کی اطلاع ملتے ہی شہر اور اضلاع سے ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کا تانتا بندھ گیا اور ہر کوئی صحتیابی کیلئے دعائیں کرتا دیکھا گیا۔ مسیح اللہ خان جنہوں نے آج صبح ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی بتایا کہ محمود علی نے عوام کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کیا ہے۔