ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل جائزہ لیں گے

گلپوشی اور آتشبازی سے گریز کا مشورہ ، مبارکباد پر اظہار تشکر
حیدرآباد۔/6جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال جناب محمد محمود علی اتوار 8جون کو سکریٹریٹ میں اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ صبح 9بجے وہ درگاہ حضرات یوسفین ؒ نامپلی پر حاضری دیں گے اور چادر گل کی پیشکشی کے بعد سکریٹریٹ پہنچ کر Dبلاک میں واقع چیمبر میں ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر یوں تو جمعرات کو ذمہ داری سنبھالنے والے تھے تاہم چیمبر کی تیاری میں تاخیر کے سبب انھیں تاریخ تبدیل کرنا پڑا۔ اسی دوران جناب محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انھیں مبارکباد پیش کرنے کیلئے گلپوشی اور گلدستوں کی پیشکشی سے گریز کریں، وہ چاہتے ہیں کہ گلپوشی اور گلدستوں پر بھاری رقم خرچ کرنے کے بجائے اس رقم کو غریبوں کی امداد پر خرچ کیا جائے تو انہیں زیادہ خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے استقبال کیلئے باجہ اور آتشبازی سے بھی گریز کیا جانا چاہیئے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے استقبال کے نام پر اسراف ہو۔ انہوں نے بڑی تعداد میں انہیں مبارکباد پیش کرنے کیلئے قیامگاہ پہنچنے والے افراد اور تنظیموں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عوام نے ان سے بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر جو توقعات وابستہ کی ہیں ان پر وہ کھرا اُترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام بالخصوص اقلیتوں کے جذبہ خیرسگالی سے غیر معمولی متاثر ہوئے ہیں اور انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے مسلمان کو وعدہ کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر مقرر کئے جانے سے اقلیتوں میں مسرت کا ماحول ہے۔ اس اقدام سے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ جناب محمود علی نے کہا کہ بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال ہر موڑ پر اقلیتوں کی بھلائی اور وعدوں کی تکمیل کو ترجیح دیں گے۔ سرکاری اسکیمات میں اقلیتوں کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنانے ساتھی وزراء کے تعاون سے اقدامات کریں گے۔