حیدرآباد 21 اگسٹ (پریس نوٹ) نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ الحاج محمد محمود علی نے اہل ایمان کو عیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک و ریاست کے امن و امان کے لئے دعا کرنے کی اُمت مسلمہ سے اپیل کی۔ انھوں نے بتایا کہ عید قربان مسلمانوں کے لئے صرف عید نہیں بلکہ ایک تحریک بھی ہے جس میں اپنی پسندیدہ چیز کو اللہ رب العزت کی راہ میں قربان کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ محمد محمود علی نے کہاکہ اس موقع پر ہمیں چاہئے کہ ہم تاحیات سنت ابراہیمیؑ اور اللہ کے حکم پر عمل کرنے تیار رہیں اور اپنے اندر مسلمان و غیر مسلم برادران کے لئے بھی ایثار و قربانی و صبر کا جذبہ پیدا کریں اور اپنے عمل سے اسلام کی تعلیمات ان تک پہنچائیں۔ علاوہ ازیں نائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ عید کے ضمن میں حکومت کی جانب سے شہر کی عیدگاہوں پر نماز ادا کرنے کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انھوں نے عید کے اس موقع پر عوام سے مستحق افراد کا خیال کرنے کی اپیل کی اور بتایا کہ اسلام نے ہر خوشی کے موقع پر غرباء و مساکین کو اپنی خوشیوں میں شامل رکھنے کی تلقین کی اور ہماری قربانی میں ان کا بھی حصہ رکھا ہے۔