ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمودعلی کی اپیل کا مثبت اثر

آتشبازی و گلپوشی سے احتراز، چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک شخص کا 786 روپیوں کا عطیہ

حیدرآباد۔/8جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اپنے حامیوں سے گلپوشی اور آتشبازی پر اسراف کے بجائے اس رقم کو نیک کاموں پر خرچ کرنے کی جو اپیل کی تھی اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سکریٹریٹ میں انہیں مبارکباد دینے کیلئے پہنچے ایک شخص نے 786روپئے کا چیک پیش کیا جو چیف منسٹر ریلیف فنڈ کیلئے تھا۔ اس شخص نے کہا کہ وہ گلپوشی اور گلدستہ پر خرچ کے بجائے اس رقم کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ کیلئے پیش کررہے ہیں۔ اسی طرح نظام آباد اقلیتی سل ٹی آر ایس کے صدر طارق انصاری نے درگاہ یوسفینؒ میں غریبوں کیلئے کھانے کا انتظام کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلپوشی اور دیگر اسراف سے بچتے ہوئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ جناب محمود علی نے اس طرح کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مثالی قرار دیا۔ انہوں نے عوام سے دوبارہ اپیل کی کہ وہ ان سے ملاقات کے وقت گلپوشی اور گلدستوں کے علاوہ آتشبازی اور جلوس سے اجتناب کریں اور اس رقم کو نیک کاموں میں خرچ کریں یا پھر چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں جمع کرائیں جس کے ذریعہ سماج کے غریب اور مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے۔