حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( راست ) : علی رضا صدر سیرت الزہرا کمیٹی نے آج سکریٹریٹ میں ماہ محرم کے انتظامات پر منعقدہ جائزہ اجلاس میں یادداشت دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے مطالبہ کیا کہ وہ مہینہ میں کم از کم ایک ہفتہ پرانے شہر میں قیام کریں جس سے اس علاقہ میں بلدی مسائل ، برقی اور آبرسانی مسائل کے علاوہ لا اینڈ آرڈر کے مسائل بھی حل ہوں گے اور پرانے شہر کے باشندوں کو بڑی سہولت ملے گی ۔ اب ماہ محرم کے دوران وہ کم از کم ایک ہفتہ پرانے شہر ہی میں قیام کریں جس سے اس علاقہ کے عوام میں بھی ایک اعتماد پیدا ہوگا ۔ انہوں نے اجلاس میں موجود کمشنر آف پولیس حیدرآباد انجنی کمار سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ماہ محرم کے دوران پرانے شہر کے علاقہ پرانی حویلی میں واقع دفتر کمشنر پولیس میں اجلاس طلب کریں ۔ تاکہ یوم عاشورہ اور ایام عزا کے موقع پر انتظامات میں سہولت ہوگی ۔ انہوں نے اس موقع پر محمد محمود علی کو ایک یادداشت بھی پیش کی جس میں مطالبہ کیا کہ عاشور خانوں اور سبیلوں کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے ۔ اہم عاشور خانوں کے آس پاس سخت سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں اور وہاں لیڈی پولیس تعینات پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے بی بی کا الاوہ اور دیگر عاشور خانوں کا دورہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔۔